اٹلی اورفرانس کا دہشتگردی کی روک تھام کیلئے سرحد پر مشترکہ گشت کا فیصلہ

روم : اٹلی اور فرانس نے غیرقانونی تارکین وطن کی آمد و رفت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سرحد پر مشترکہ گشت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اٹلی کی وزیر داخلہ لوسیانا لیمرگیز اور ان کے فرانسیسی ہم منصب جیرالڈ ڈارمینن کے درمیان اطالوی دارالحکومت روم میں اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں اٹلی اور فرانس کے درمیان غیرقانونی تارکین وطن اور دہشت گردی کے مسائل کے حوالے سے تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی جانب سے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ اٹلی اور فرانس کی پولیس فورسز سرحد پر مشترکہ گشت شروع کریں گی، اس فیصلے کا مقصد دہشت گردی اور غیرقانونی تارکین وطن کی آمد ورفت کو روکنا ہے۔

فرانسیسی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ آج نہیں بنایا گیا بلکہ اس حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے بات چیت چل رہی تھی تاہم معاملات پر اتفاق رائے آج ہوا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سرحد پر مشترکہ گشت کا جلد آغاز کر دیا جائے اور چھ ماہ کے لئے آزمائشی بنیادوں پر یہ عمل جاری کیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.