کورونا کیسز میں اضافہ، اٹلی میں رات کرفیو سمیت متعددپابندیاں عائد کردی گئیں

فرخ ریاض، نمائندہ اٹلی

اٹلی کے وزیراعظم نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں رات کو کرفیو نافذ کرنے کے فیصلے پر دستخط کردیے ہیں ۔مقامی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نے کرفیو کے علاوہ سنیما اور دکانوں کو بند کرنے سمیت دیگر پابندیوں کا اعلان کیاہے۔اٹلی میں نئی پابندیوں کو اطلاق 3 دسمبر تک ہوگا۔کرفیو صبح 5 بجے تک جاری رہے گا تاہم شہریوں کو صرف ہسپتالوں یا ضروری کام کے لیے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔

حکومت نے ملک کو کیسز کے لحاظ سے تین حصوں میں تقسیم کیاہے۔ ریڈ (زیادہ کیسز )، اورنج(درمیانے کیسز)، گرین(محفوظ)زون میں تقسیم کیا گیا ہے، اطالوی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ملک میں کورونا کے یومیہ 30 سے زائد کیسز سامنے آنے پر کیا گیا ہے،اس کا مقصد موذی وباء کے پھیلاو پر قابو پاناہے۔وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 550 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 352 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

ریڈزون میں لمبارڈیا، پیڈمونٹ، کالابریا کے علاقے شامل ہیں، ان علاقوں میں دوسرے شہروں سے داخلہ پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ان علاقوں میں بار ریسٹورنٹس شاپنگ مالز کو بند کردیاگیاہے۔ریسٹورنٹس کو صرف ہوم ڈیلیوری مہیا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔اورنج زون میں رہنے والے شہری بھی اپنے علاقوں سے باہر نہیں جا سکیں گے۔گرین زون والے علاقوں میں بسوں میں 50 فیصد افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی جبکہ رات 10 سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ویک اینڈ پر شاپنگ مالز بند رہیں گے

Comments are closed.