جی7 کانفرنس کے موقع پر برطانیہ میں کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ

لندن: جی سیون ممالک کے رہنماؤں کی توجہ کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کی طرف مبذول کرنے کے لئے جی سیون کانفرنس کے موقع پر برطانیہ میں بھارت اور اسرائیل کے خلاف اورکشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

کارنوال میں مظاہرین جی سیون کانفرنس کے اہم مقام پر جمع ہوئے اوراحتجاجی مارچ کیا، مظاہرین نے کشمیر اور فلسطین میں سیاسی کارکنوں کے قتل، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی رہنماوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی،مارچ کا اہتمام تحریک کشمیر برطانیہ، ریزسٹ جی سیون الائنس، فلسطین سالیڈیرٹی کمپین، تاجریونینوں اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق گروپوں نے مشترکہ طورپر کیا تھا۔

مظاہرین ”گو انڈیا گو بیک“۔۔”کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرو“۔۔” فلسطین کو آزادکرو“ اور”کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرو“جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب برطانیہ میں جی سیون کی قیادت ملاقات کررہی ہے بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو ایک حراستی کیمپ میں تبدیل کر دیا ہے اور کشمیریوں کی زندگی کو جہنم بنادیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی انسانی جیل اور سب سے زیادہ فوجی اہلکاروں والا علاقہ ہے۔ گزشتہ 73سال کے دوران 5لاکھ سے زائد اور گزشتہ 30سال کے دوران ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیاگیا ہے جبکہ 13ہزارسے زائد خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔

انہوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارت کی ڈیموگریفک دہشت گردی کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جواب طلب کیا جائے

Comments are closed.