کورونا وباء اگر آزمائش ہے تو اللہ کی رحمت کے دروازے بھی کھلے ہیں، خطبہ حج

مکہ المکرمہ: سعودی عرب میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کر دیا گیا، شیخ عبداللہ بن سلیمان نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء اگر آزمائش ہے تو اللہ کی رحمت کے دروازے بھی کھلے ہیں اور ہمارے گناہوں کی وجہ سے ہی اللہ نے ہمیں اس آزمائش میں ڈالا۔

شیخ عبداللہ بن سلیمان نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ ہمارے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے، تقویٰ اختیار کرنے والے تنگ دستی سے دور رہتے ہیں، آج بہت بڑی تعداد میں مسلمان اللہ کی تعلیمات سے غافل نظر آتے ہیں، تم لوگوں کو تقوی کی نصیحت کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دین میں کسی نئی چیز کی کوئی گنجائش نہیں، اللہ تعالیٰ نے دین کو کامل اور مکمل کر دیا، اللہ تعالیٰ شرک کو پسند نہیں کرتا۔ مسلمان ہر قسم کی بدعت اور خرافات سے دور رہیں، اللہ تعالیٰ نے خوشی اور غمی کی حالت میں صبر کی تلقین کی ہے، اللہ نے فرمایا کہ کبھی تمہیں مال میں اور کبھی اولاد میں کمی سے آزماتے ہیں۔

شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ عبادات سے ہی مصیبتوں سے چھٹکارا حاصل ہوتا ہے، کورونا اگر آزمائش ہے تو اللہ کی رحمت کے دروازے بھی کھلے ہیں، ہمارے گناہوں کی وجہ سے اللہ نے ہمیں اس آزمائش میں ڈالا، قرآن میں ہے کہ صبر اور دعا کے ذریعے اللہ کی مدد مانگو، اللہ تعالی تمہارے لیے مشکلات نہیں آسانیاں چاہتا ہے، معمولی مصیبت کا مقصد بڑی مشکل سے چھٹکارا ہے اور ایمان والے ہیں جو مصیبت میں اللہ پر یقین رکھتے ہیں۔

خطبہ حج کے دوران شیخ عبداللہ بن سلیمان کا کہنا تھا کہ اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک اختیار کریں، اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ، اپنے بھائی بہنوں اور رشتہ داروں کا خیال رکھو، رشتہ داروں کے ساتھ صلح رحمی کے ساتھ پیش آؤ، حقداروں کا حق ادا کرو اور سیدھے راستے پر چلنے والے کے لیے ہی نجات ہے۔

Comments are closed.