سعودی عرب میں غیرملکی ملازمت پیشہ افراد کیلئے لیبرسٹی قائم کرنے کا فیصلہ

خالد نواز چیمہ، جدہ سعودی عرب

جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں پہلی لیبرسٹی قائم  کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اس حوالے سے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب بدھ کو ہو گی۔

جدہ میونسپلٹی کے ترجمان کے مطابق شہر کے مشرقی علاقے ابرق الرغامہ میں پہلی مکمل لیبرسٹی قائم کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے معاہدے کی تفصیلات طے کرلی گئیں۔بدھ کو معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے، سرپرستی گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کریں گے، جدہ کے کمشنر شہزادہ مشعل بن ماجد بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

سعودی عرب میں مختلف شعبوں سے وابستہ ملازمین کے لئے قائم کی جانے والی یہ لیبر سٹی جدہ میں اپنی نوعیت کی منفرد سٹی ہوگی۔ جس میں ورکرز کو رہائش کے علاوہ صحت، تفریحات اور کھیلوں کی سہولتیں بھی مہیا ہوں گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں عالمی وباء کورونا کے دوران مختلف ممالک سے ملازمت کے لئے آنے والے مزدوروں کی رہائش کے حوالے سے متعدد مسائل سامنے آئے تھے۔ جنہیں حل کرنے کے لیے سعودی حکومت نے جدہ سمیت تمام بڑے شہروں میں موثر اور فوری اقدامات اٹھائے تھے۔

وعدہ کیا گیا تھا کہ آئندہ ایسے رہائشی مراکز قائم کیے جائیں گے جو حفظان صحت کے اصولوں اور حفاظتی   معیار کے عین مطابق ہوں گے۔ان میں سماجی سہولتیں بھی ورکرز کو فراہم کی جائیں گی، اس منصوبے کا مقصد غیر ملکی ملازمین بالخصوص مزدوروں کو رہائش کی معیاری سہولت فراہم کرنا ہے۔

Comments are closed.