تارکین وطن کےسسلی میں استقبالیہ مراکز،مہاجرکیمپ بند۔۔اختیار کی نئی جنگ شروع

اٹلی کے سب سے بڑے جزیرے سسلی میں انسداد کورونا اقدامات کی آڑ میں غیرقانونی تارکین وطن کے تمام استقبالیہ مراکز اور مہاجر کیمپ بند کر دیئے گئے،جس کے بعد اٹلی کی مرکزی اور سسلی کی مقامی حکومت کے درمیان اختیارات کی نئی جنگ چھڑ چکی ہے۔

سسلی کے گورنر نیلو مسومیسی نے الزام عائد کیا ہے کہ جزیرے میں کورونا وباء پھیلنے کی بڑی وجہ مہاجر کیمپ اور تارکین وطن کے استقبالیہ مراکز ہیں، جنہیں فوری طور پر بند کرنےکا آرڈیننس جاری کر دیا گیا،  اٹلی کی مرکزی حکومت نے اس متنازعہ آرڈیننس کو چیلنج کر دیا ہے۔

تارکین وطن کے معاملے پر سسلی کے گورنر کی مرکز کے ساتھ اختیار کی جنگ جاری ہے،مسومیسی کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کی پالیسی کے حوالے سے علاقائی حکومت کو مرکزی حکومت پر فوقیت حاصل ہے جب کہ مرکزی حکومت اس کے برعکس سوچ رکھتی ہے۔

اٹلی کے سب سے بڑے جزیرے کے گورنر نے کہا ہے کہ وہ مہاجر کیمپوں کو خالی کرانے کے آرڈیننس کو وفاقی حکومت کی جانب سے چیلنج کیے جانے کے باوجود آگے بڑھیں گے ان کا کہنا ہے کہ کوئی یہ نہ سوچے کہ ایک اپیل ہمیں صحت کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے ذمہ دارانہ اقدامات سے روک سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سسلی کے گورنر کو قوم پرست اپوزیشن جماعت لیگ پارٹی کی حمایت حاصل ہے کہ جب مرکز میں بائیں بازو کی حکومت میں شامل جماعتیں نیلو مسومیسی پر تنقید کر رہی ہیں۔ لیگ پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ میٹیو سالوینی نے حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ حکومت غیرقانونی ہجرت اور تارکین وطن مدد کے ساتھ ساتھ اٹلی پہنچنے والوں کی تعداد چھپا رہی ہے۔

دوسری جانب مرکزی حکمران اتحاد میں شامل اٹالیہ وائیوا پارٹی نے سسلی کے گورنر مسو میسی اور اپوزیشن رہنما سالوینی کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دونوں شخصیات غلط اور بے بنیاد اطلاعات پر افراتفری پھیلانے کے ساتھ ساتھ حکومت کو بدنام کر رہے ہیں۔

گورنر مسومیسی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ سسلی میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کا باعث بننے والا پوزالو میں موجود تارکین وطن کا پہلا مرکز خالی کرایا جا رہا ہے، دوسری جانب جنوبی اٹلی اور اکائیوں کے حوالے سے وزیر پروونزانو نے سسلی کے دورے کے دوران مہاجر کیمپ خالی کرانے کے اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا اور زور دیا کہ گورنر مسومیسی کو اداروں کی عزت و وقار کا خیال رکھنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گورنر نے سسلی میں تارکین وطن کے استقبالیہ مراکز اور مہاجر کیمپوں کو وباء پھیلاؤ کے ہاٹ اسپاٹ قرار دیتے ہوئے انہیں خالی کرنے سے متعلق آرڈیننس جاری کیا تھا۔

Comments are closed.