پلوامہ حملہ:بات چیت کا باب بند، کارروائی کا وقت ہے، بھارتی وزیراعظم

نئی دلی: بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے ایک بار پھر پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلوامہ میں خودکش حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا باب ختم ہوگیا اب دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات اور موثر کارروائی کا وقت ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق نئی دہلی میں ارجنٹائن کے صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے نریندرا مودی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے پوری دنیا کو متحد ہونا ہوگا، بات چیت کا وقت اب ختم ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی سے ہچکچانہ دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہو گا، سب کو مل کر نئی نسل کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف جامع اقدامات کرنا ہوں گے۔ دہشت گردی کو جڑ سے ختم نہیں کیا گیا تو کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔

Comments are closed.