یورپ میں اسلاموفوبیا کے واقعات پھر بڑھنے لگے۔۔۔ سپین میں مسجد نذر آتش

بارسلونا: یورپ میں اسلامو فوبیا کے واقعات ایک بار پھر بڑھنے لگے ہیں، سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد سپین میں متعصب افراد کے ایک گروہ نے مسجد نذر آتش کر دی۔

مسجد کو نذر آتش کیے جانے کا واقعہ سپین کے شہر بارسلونا کے نواحی علاقے مونتکادہ ریشاک میں پیش آیاہے، جہاں پر مذہبی جنونی اور متعصب افراد کے ایک گروہ نے ناپاک جسارت کرتے ہوئے مسجد کو آگ لگا دی، واقعہ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

واضح رہے کہ یہ مسجد مونتکادہ میں ماس ریمپانیو کے ساتھ موزرٹ سٹریٹ میں واقع ہے، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔ دوسری جانب سٹی کونسل نے قصبے کی مسجد اور اسلامک سینٹر پر نسل پرستوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

میئر لورا کیمپس نے اس افسوسناک واقعہ پر مسلمان برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی انتہاء پسندی کے ایسے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں، مذہبی انتشار اور بدامنی پھیلانے والے افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا عناصر مختلف مذاہب کے دوران غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم آزادی اظہار اور مذہب کے خلاف کارروائیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سویڈن اور ناروے میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی انتہاء پسندی کے واقعات پیش آ چکے ہیں جس کے خلاف یورپ میں بسنے والی مسلم برادری سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

Comments are closed.