بارسلونا: موبائل ورلڈ کانگریس 2025 ریکارڈ 1,09,000 شرکاء کے ساتھ اختتام پذیر

بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس 2025 اختتام پذیر ہوگیا، جس میں 1,09,000 افراد نے شرکت کی۔ یہ تعداد 2019 میں ہونے والی کانگریس کے برابر ہے، جو کہ کورونا وبا سے پہلے کا سب سے بڑا ریکارڈ تھا۔

موبائل کانگرس کے سی ای او جان ہوفمین نے اس بڑی تعداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانگریس وہ جگہ ہے جہاں مختلف صنعتیں آپس میں ملتی ہیں، اور اس سال واضح طور پر یہ دیکھا گیا کہ کس طرح ٹیکنالوجی دنیا کو تیزی سے بدل رہی ہے۔

موبائل کانگرس 2025 میں 205 ممالک اور خطوں کے مندوبین نے شرکت کی، جب کہ2,900 سے زائد نمائش کنندگان، اسپانسرز اور پارٹنرز نے اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کیں۔کانفرنس میں 1,200 سے زائد مقررین اور ماہرین نے شرکت کی، جن میں 41% خواتین تھیں۔

موبائل کانگرس کے منسٹریل پروگرام کے تحت 148 ممالک اور 40 بین الحکومتی اداروں کے 188 وفود نے شرکت کی۔ ان میں 66 وزراء اور 111 ریگولیٹری حکام کے سربراہان شامل تھے۔

 ایونٹ میں1,000 سے زائد اسٹارٹ اپس نے حصہ لیا۔تقریباً 380 مقررین نے خطاب کیا۔900 سے زائد سرمایہ کاروں نے شرکت کی، جنہوں نے 60 ارب یورو کی کراؤڈ فنڈنگ کی پیشکش کی۔

ٹیلنٹ ارینا کے زیر 20,000 سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جہاں نئی ٹیکنالوجیز اور اسکل ڈیولپمنٹ کے مواقع پیش کیے گئے۔

اگرچہ کانگریس میں خواتین کی شرکت میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اب بھی یہ ایونٹ زیادہ تر مردوں پر مشتمل ہے۔ اس سال صرف 27% شرکاء خواتین تھیں۔

دنیا بھر سے 2,900 سے زائد صحافیوں اور ماہرین تجزیہ کاروں نے ایونٹ کی کوریج کی۔موبائل ورلڈ کانگریس 2025 نے ایک بار پھر بارسلونا کو عالمی ٹیکنالوجی کا مرکز ثابت کیا، جہاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اسمارٹ موبیلیٹی، اور 5G نیٹ ورکس جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔

Comments are closed.