بارسلونا: پاک ٹیکسی کے نام پر نئی رجسٹریشن، پاکستانی کمیونٹی میں خدشات اور سوالات

نئی ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن نے بارسلونا میں پاکستانی ٹیکسی کمیونٹی کی یکجہتی اور شناخت پر سوالات اٹھا دیے ہیں

بارسلونا (نیوز ڈپلومیسی) بارسلونا میں پاکستانی ٹیکسی سیکٹر کی نمائندہ تنظیم پاک ٹیکسی کے نام پر ایک نئی ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن نے کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ جنرالیاتات کی ویب سائٹ کے مطابق 22 فروری 2025 کو “Asociación pak taxi de Barcelona” کے نام سے ایک نئی ایسوسی ایشن رجسٹر کی گئی ہے، جس کے صدر سعد مختار تارڑ اور جنرل سیکرٹری انوار الحق ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پاک ٹیکسی گزشتہ ایک دہائی سے Taula Tècnica del Taxi سمیت ادارہ جاتی فورمز پر پاکستانی ڈرائیوروں کی نمائندگی کر رہی ہے اور مقامی سطح پر اپنی پہچان قائم کر چکی ہے۔

ٹیکسی سیکٹر سے وابستہ افراد کے مطابق یہ معاملہ محض نام کے استعمال تک محدود نہیں، بلکہ یہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک قانونی اور اخلاقی چیلنج ثابت ہو سکتا ہے، جو پہلے ہی معاشی اور قانونی مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔

پاک ٹیکسی کے ایک سینئر رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا:

> “یہ اقدام تنظیم کی ساکھ اور اس کے تسلیم شدہ پلیٹ فارم کے نام کو متاثر کرنے کی دانستہ کوشش محسوس ہوتی ہے، جس کے لیے کمیونٹی نے برسوں محنت کی ہے۔”

واضح رہے کہ پاک ٹیکسی طویل عرصے سے آئی ایم ای ٹی، سٹی کونسل اور دیگر ادارہ جاتی پلیٹ فارمز پر پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کرتی آ رہی ہے، اور مقامی سطح پر پاکستانی ڈرائیوروں کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

سوال یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ 22 فروری کو رجسٹر ہونے والی اس نئی ایسوسی ایشن کے بارے میں پاک ٹیکسی کے وہ امیدوار جو حالیہ انتخابات میں حصہ لے رہے تھے، انہیں اس رجسٹریشن کا علم کیوں نہ ہو سکا، یا اگر علم تھا تو انہوں نے اس پر خاموشی کیوں اختیار کی؟ حالیہ تاولہ تینکیکا انتخابات میں پاک ٹیکسی کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے والی ٹیم کی اس لاعلمی نے کئی سوالات کو جنم دیاہے۔۔

ادارہ نیوز ڈپلومیسی نے اس معاملے پر موقف لینے کے لیے نئی رجسٹر ہونے والی ایسوسی ایشن کے ذمہ داران سے رابطے کی کوشش کی، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہو سکا۔

 

Comments are closed.