قونصل خانہ پاکستان بارسلونا کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد

بارسلونا میں 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے التواء شدہ تقریب آج بروز اتوار 18جولائی کو منعقد ہوئی، جس میں سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کےایسے افراد جنھوں نے اپنے شعبو میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنی کمیونٹی کے لوگوں، سپین کے اداروں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور پاکستان کا نام روشن کیا ان کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور میڈلز سے نوازا گیا۔

قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے کمیونٹی کے افراد کے سامنے چند نکات پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ نکات آپ کے پاس امانت ہیں ان کے مطابق قونصل خانہ پر سب کا مساوی حق ہے، کوئی بھی سرکاری افسر کسی کا پاسپورٹ، شناختی کارڈ روکنے کا مجاز نہیں، قونصل خانہ ماں کے جیسا ہے مجھے امید ہے کہ نئے آنے والے افسران بھی اس روش کو جاری رکھیں گے ایسا نہ ہونے پر آپ کی ذمہ داری ہے کہ امانت میں خیانت نہ ہونے دیں۔

تقریب میں گورنر بارسلونا اور تاراگونا سمیت دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی جن کو قونصل جنرل کی جانب سے بلوچی اور سندھی ٹوپیا تحفے کے طور پر پیش کی گئیں۔مہمانوں کی جانب سے پاکستانی قونصل جنرل عمران علی کی کورونا کے دوران اور دیگر خدمات کو سراہاگیا۔تقریب میں امریکہ سمیت مختلف ممالک کے قونصل خانوں کے اعلی افسران نےبھی شرکت کی۔ سکھ کمیونٹی کے نمائندگان نے کرتار پور راہدری پر حکومت پاکستان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے قونصل جنرل کی سکھوں کے لئے ویزوں کے اجراء کو بھی سراہا۔

تقریب کے دوران پاکستانی ثقافت، کھیلوں کی سرگرمیوں، پاکستان کی علاقائی اہمیت و ترقی، پاکستانی نوجوانوں کے اعزازات سمیت دیگر موضوعات ویڈیو اور تصاویر کی شکل میں پیش کئے گئے۔سپین میں مقیم پاکستانی طلبہ پی ایچ ڈی سکالرز نے بھی پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔

Comments are closed.