ویلنسیا میں پاکستانی سفیر ظہور احمد کی اہم ملاقاتیں، تجارتی و ثقافتی تعاون کے فروغ پر زور

ویلنسیا، اسپین: پاکستان کے سفیر برائے اسپین ظہور احمد نے ویلنسیا کا دورہ کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس کے نائب صدر وِسنٹے فولگاڈو، یورپی یونین میں ویلنسیا کی نمائندگی کرنے والے سیکرٹری پابلو بروسیٹا اور دیگر مقامی تاجروں سے ملاقات کی۔
اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں تجارتی، صنعتی، تکنیکی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میزبان وفد کی جانب سے پابلو بروسیٹا نے کہا کہ ویلنسیا کو ٹیکسٹائل، انفراسٹرکچر، اور سیمی کنڈکٹرز کی صنعت میں مہارت حاصل ہے، اور یہ شعبے پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے بہترین امکانات رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ترقی کے لیے مواقع وافر ہیں، جنہیں بروئے کار لا کر باہمی فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

سفیر پاکستان ظہور احمد نے کہا کہ پاکستان اسپین کے ساتھ اپنے معاشی اور ثقافتی روابط کو وسعت دینا چاہتا ہے، بالخصوص ویلنسیا کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے ہسپانوی کاروباری برادری کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریقین مستقبل میں روابط کو مزید مؤثر بنانے اور مختلف مشترکہ منصوبوں پر عملی اقدامات کریں گے۔ سفیر پاکستان نے یہ بھی کہا کہ ثقافتی تبادلے نہ صرف عوامی سطح پر تعلقات کو بہتر بنائیں گے بلکہ تجارتی اعتماد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ ملاقات اسپین میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی، تجارتی اور ثقافتی اثرات کا مظہر ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کی نئی راہیں کھلنے کی امید ہے۔

Comments are closed.