دہشتگرد بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے، مودی کو للکارتے رہیں گے، پرویزاقبال لوسر

برسلز: چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن چوہدری پرویز اقبال لوسر کا کہنا ہے کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند اور کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دیتا اس وقت تک دنیا بھر میں مودی سرکار کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے اور اسے للکارتے رہیں گے۔

ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن (یورپ) اور پشتون آرگنائزیشن بیلجیئم کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے برسلز کے معروف سیاحتی مقام اٹومیم پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی، جس کا مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت خاتمے کے مقصد5 اگست2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدام کی مذمت کرنا اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

احتجاجی مظاہرے اور ریلی میں پاکستانی، کشمیری عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ بیلجیئم میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکن اینڈی ورماؤٹ نے خصوصی شرکت کی۔ مظاہرین نے پاکستانی، کشمیری اور بیلجیئم کے پرچم، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی عکاسی کرتی تصاویر پر مبنی بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارت کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین کی جانب سے ’دہشت گرد مودی‘ کے نعروں سے برسلز کی فضاء گونجتی رہی۔

اس موقع پر ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ قابض مودی سرکار نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، پانچ اگست 2019 کے بعد لاکھوں کشمیری قید میں ہیں، نہتے کشمیری عوام پر مظالم میں اضافہ  کر دیا گیا، درندہ صفت بھارتی افواج کشمیریوں کی نسل کشی، بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی تنظیم یورپ سمیت دنیا بھر میں ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑیں گے، دہشت گرد مودی سرکار کے معصوم کشمیریوں پر مظالم کو بے نقاب کرنے اور عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑتے رہیں گے تا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائے۔

چوہدری پرویز اقبال لوسر کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی دنیا کا بدترین دہشت گرد ہے جو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر 9 لاکھ سے زائد فوج کے ذریعے ظلم و بربریت کی ہرحد پار کر چکا ہے اور اب گھناؤنے منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی اور نوجوانوں کے قتل میں مصروف ہے۔

ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ قابض بھارت اور  دہشت گرد مودی کو ہمیشہ للکارتے رہیں گے، اس کے ساتھ ساتھ بھارتی ایجنٹوں اور پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کی اور یورپین و عالمی عہدیداروں سے غاصب بھارت کے جنگی جرائم اور مظالم پر خاموشی توڑنے کا مطالبہ کیا۔

Comments are closed.