پاکستان تحریک انصاف نیدرلینڈز کا اجلاس،انٹراپارٹی الیکشنز،رکنیت سازی سے متعلق فیصلے

ایمسٹرڈیم: پاکستان تحریک انصاف نیدرلینڈ کے اجلاس میں انٹراپارٹی انتخابات، رکنیت سازی سے متعلق فیصلے کیے گئے، پی ٹی آئی نیدرلینڈز کے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر کو مثالی قرار دیا۔

پاکستان تحریک انصاف نیدرلینڈز کا اہم اجلاس ایمسٹرڈیم میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے اراکین اور شپ کوآرڈینیٹرزنے شرکت کی۔ اجلاس میں انٹرا پارٹی الیکشنز اور ممبرسازی مہم سے متعلق فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ممبرشپ مہم کا آغاز جتنی جلدی ممکن ہے شروع کیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ ممبر سازی کی کوشش کی جائے گی۔

 اجلاس کے شرکا نے تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی پراطمینان کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی تقریرکو سراہا۔ تحریک انصاف کے کارکنان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جس طریقے سے ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی کی اور غریب ممالک کے کرپٹ سیاستدانوں کی چوری کی دولت کو ترقی یافتہ ممالک کی طرف سے دیئے جانے والے تحفظ کو تنقید کا نشانہ بنایا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

کارکنان کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں کی آواز کو ایک مرتبہ پھر بلند کیا اور جس طریقے سے مودی کی فاشسٹ حکومت کو بےنقاب کیا وہ قابل تعریف ہے،تحریک انصاف کے ممبران کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے افغانستان کے مسلے کی وجوہات اور اس کا ممکنہ حل تجویز کر کے دوررس سیاسی بصیرت رکھنے والے عالمی لیڈر ہونے کا ثبوت دیا ہے۔تحریک انصاف کے کارکنان نے وزیراعظم کے ویژن کو آگے بڑھانے کے عظم کا اظہار بھی کیا۔

Comments are closed.