قطری حکومت نے مزدوروں سے متعلق قوانین میں اصلاحات لاتے ہوئے ملک میں کم سے کم تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ کر کے 1000 ریال کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2022 میں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے قطر پر تارکین وطن کے استحصال کے الزامات سامنے آئے تھے، قطری وزارت محنت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کم سے کم تنخواہ کا نیا قانون بلا تفریق سب کے لئے ہوگا۔قطری کمپنیوں کو ملازمین کو رہائش اور کھانا فراہم کرنے کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی لیبر ایجنسی نے قطری حکومت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ( آئی ایل او) کا کہنا ہے کہ قطر خطے کا پہلا ملک ہے جس نے مزدوروں کے لئے مساوی / بلا تفریق کم سے کم تنخواہ کا اقدام اٹھایا ہے۔
قطر کی حکومت کی جانب سے ملازمین کیلئے اپنے آجر (کفیل) سے ملازمت تبدیلی کی اجازت لینے کی پابندی بھی ختم کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں باقاعدہ اصلاحات کے ذریعے کفالہ سسٹم کا خاتمہ کیا جائے گا، جس کے بعد قطر میں ملازمت کرنے والے تارکین وطن کو اپنی مرضی کی ملازمت حاصل کرنے کا اختیار مل جائے گا۔
قطر کی وزارت لیبر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کم سے کم ماہانہ تنخواہ میں اضافے اور ملازمت تبدیلی کے لئے کفیل کی اجازت سے متعلق قوانین کا اطلاق 6 ماہ کے اندر کر دیا جائے گا۔
Comments are closed.