بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی نے اپنی ثقافتی وراثت کو زندہ رکھنے اور اسپین میں مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے رائل فالکن ہارس مین شپ کلب کا افتتاح کیا۔ اس گھڑسوار کلب کا مقصد روایتی کھیل نیزہ بازی کو فروغ دینا، نوجوانوں کو پاکستانی تہذیب سے جوڑنا اور مقامی معاشرے میں بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب ایک پروقار انداز میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے معروف کاروباری شخصیت الحاج چوہدری کرامت حسین مہر تھے۔ ان کے ہمراہ نوجوان بین الاقوامی کاروباری رہنما چوہدری امانت حسین مہر، چوہدری شعیب ورک، چوہدری بختاور علی ورک، چوہدری عمران چھوکر کلاں اور بارسلونا کی دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور اس عظیم اقدام کو سراہا۔
تقریب میں گھوڑ سواری، نیزہ بازی کے مظاہرے اور روایتی انداز میں ثقافتی رنگ پیش کیے گئے۔ شرکاء نے دل کھول کر داد دی اور کہا کہ ایسے اقدامات اسپین میں موجود پاکستانیوں کی پہچان کو مزید مثبت اور مستحکم کرتے ہیں۔
رائل فالکن ہارس مین شپ کلب بارسلونا کے بانی و عہدیداران میں شامل شخصیات میں چوہدری خلیل احمد کھڑک، چوہدری محمد شعیب گجر، مرزا عقیل احمد فخرے کھوہار والا، چوہدری سرفراز مہدی گجر چلیاں والا، چوہدری علی حیدر گجر دوئنا، راجہ کامران قابلی، چوہدری عبدالرحمان کھڑک اور دیگر معزز افراد شامل ہیں، جنہوں نے اس کلب کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس کلب کے ذریعے نہ صرف نیزہ بازی جیسے روایتی کھیل کو فروغ دیا جائے گا بلکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مستقبل میں مختلف ثقافتی میلوں، تربیتی کیمپوں اور مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس میں ہسپانوی شہریوں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ پاکستانی ثقافت کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
Comments are closed.