سپین میں سانت خوان آتش بازی کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا
سپین بھر میں سانت خوان تہوار 23 جون کو سال کی سب سے چھوٹی رات کو جوش و خروش منایا جاتا ہے، رات آتش بازی سے آسمان روشن نظر آتاہے رنگ برنگی نیلی پیلی روشنیاں ہر سو نظر آتی ہیں۔ گزشتہ رات صرف بارسلونا میں 70 ہزار سے زائد لوگوں نے ساحل سمندر کا رخ کیا۔
اسپین کے مقامی لوگ اس دن کی مناسبت سے خصوصی تیاری کرتے ہیں اسی تناظر میں بارسلونا میونسپل حکومت کی جانب سے شہرمیں جگہ جگہ آتش بازی کے سامان کی دوکانیں لگائی جاتی ہیں۔ سیکیورٹی کے لئے اضافی پولیس اہلکار تعینات کئے جاتے ہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لئے فائر بریگیڈ کے عملے کو مستعد رکھا جاتاہے۔ساحل سمندر سے 57 ٹن کوڑا کٹھا کیاگیاہے۔
ہسپانوی لوگوں میں سانت خوان فیستا میں آگ، پانی اور جڑی بوٹیوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے آگ کو پاکیزگی کی علامت سمجھا جاتاہے اسی نسبت شہر بھر میں پرانی لکڑیوں اور کپڑوں کو اکٹھاکر کے آگ لگائی جاتی ہے۔ اس رات پانی کو شفا کے لیے استعمال کیا جاتاہے بہت سارے لوگ اس رات میں بیماریوں سے نجات کیلئے سمندر کے پانی میں غسل کرتے دکھائی دیتے ہیں، ۔اس دن کی مناسبت سے مقامی لوگ گھروں میں خصوصی دعوتوں کا اہتمام کرتے ہیں جو گھر میں پارٹی نہ کریں وہ ہوٹلوں کا رخ کرتے ہیں۔ ساحل سمندر پر موجود ہوٹلوں پر اس رات کو بیٹھنے کے لئے اضافی ٹیبل لگائے جاتے ہیں۔ اس تہوار کا خصوصی پکوان کوکاہے جو کہ ایک میٹھے کیک کی شکل میں مختلف فلیورز میں بنایاجاتاہے۔ اس تہوارکو بچے بوڑھے جوان سبھی روایتی جوش و جذبے اور ہسپانوی انداز میں مناتے ہیں۔
Comments are closed.