سعودی عرب نے صحافی قتل پر امریکی سینیٹ کی قرارداد کو مستردکردی

ریاض: سعودی عرب نے امریکی نژاد سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی سینیٹ کی قرارداد کو مسترد کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے یمن میں عرب اتحاد کی فوجی امداد بند کرنے اور ولی عہد محمد بن سلمان کو صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرانے  سے متعلق امریکی سینیٹ کی قرارداد کی مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے قرارداد جھوٹے الزامات پرمبنی ہے۔ بے بنیاد الزام پر سعودی عرب کے خلاف قرارداد لانا ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔

امریکی سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظورکی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے ذمہ دارہیں۔

واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کیا گیا تھا جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کی گمشدگی پر سعودی عرب کو نتائج بھگتنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر صحافی کو قتل کرنے میں سعودی حکومت کا ہاتھ ہوا تو اسے سزا دی جائے گی۔

Comments are closed.