برطانیہ میں نئے کورونا کیسز کی تعداد دوگنا۔۔ دوبارہ لاک ڈاؤن، پابندیوں کا امکان

لندن: عالمی وباء نے برطانیہ کو ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے بعد برطانوی حکومت کی جانب سے جلد ہی دوبارہ کورونا لاک ڈاؤن اور پابندیاں عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

برطانوی حکومت کے سابق مشیر برائے صحت اور طبی ماہر نیل فرگوسن نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کی ملازمتوں اور طلبہ و طالبات کی تعلیمی اداروں میں واپسی سے کورونا وائرس ایک طوفان کی صورت میں دوبارہ پھیلنے کا خدشہ ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی کورونا وباء کے باعث ایک بار پھر سخت پابندیوں کا عندیہ دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ ملک بھر میں قومی سطح پر دوبارہ لاک ڈاؤن نہیں چاہتے تاہم برطانیہ کو کورونا وائرس کے دوسری ممکنہ لہر سے بچاؤ کے لئے نئی پابندیاں لگانا ہوں گی۔

برطانوی وزراء کے حوالے سے دوسرے قومی لاک ڈاؤن کی خبریں زیرگردش ہیں کیوں کہ برطانیہ میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد دوگنا ہو کر 6 ہزار تک پہنچ گئی ہے، اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے جب کہ لندن اور شمالی برطانیہ میں اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

برطانوی حکومت کے سابق مشیر برائے صحت اور طبی ماہر نیل فرگوسن نے کہا ہے کہ اس وقت ہمیں ایک بار پھر عالمی وباء کی فروری کے آخری دنوں والی صورتحال کا سامنا ہے اگر اس پر توجہ نہ دی گئی تو صورتحال گھمبیر ہو کر مارچ جیسی پیدا ہو جائے گی جس سے اموات کا خدشہ ہے۔ یورپ میں سب سے زیادہ 41 ہزار اموات برطانیہ میں ہو چکی ہیں۔

Comments are closed.