بارسلونا ایل پرات ائیر پورٹ پر مسافروں میں اضافہ،جون میں 40 لاکھ افراد کی آمدورفت ریکارڈ

سپین میں ائیر پورٹ کے سسٹم کو کنٹرول کرنے والے ادارے اینا کے مطابق رواں سال کاتالان ائیر پورٹس پر مسافروں کی آمدو رفت کورونا سے پہلے دنوں تک پہنچ گئی ہے۔ جون کےمہینے میں بارسلونا کے ایل پرات ائیر پورٹ پر 40 لاکھ سے زائد مسافروں کو رجسٹرڈ کیاگیا ہے جوکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 195.7 فیصد زیادہ ہے۔

رواں سال جنوری کے مہینے سے لے کر ابھی تک بارسلونا کے ایل پرات ائیر پورٹ پر 17.7ملین افراد نے سفر کیا۔ کورونا وائرس کے بعد یہ صورتحال 71.2فیصد بہتری کا اشارہ دیتی یے۔ بارسلونا کا ایل پرات ائیرپورٹ سپین کا دوسرا مصروف ترین ائیر پورٹ ہے۔ پہلے نمبر پر دارلحکومت میڈرڈ باراخس ہے جہاں پر 22 ملین لوگوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی۔رواں سال کے آغاز سے ریوس ائیرپورٹ پر 3 لاکھ اڑتیس ہزار مسافروں کی آمدورفت ہوئی خرونا ائیر پورٹ پر 1 لاکھ 90 ہزار مسافروں نے سفر کیا۔

اعدادوشمار کے مطابق سال 2022 کے گرمیوں کے سیزن میں 8 ملین مسافر کاتالونیا کے ائیرپورٹس کو استعمال کریں گے۔جو کہ سال 2021 کے مقابلے میں دو گنا جبکہ 2019 کے مقابلے میں کم ہیں۔

شہر میں سیاحوں کی آمد سے مختلف کاروباروں میں بہتری آئی ہے۔شہر کے تمام ہوٹلز بک ہیں ماہرین نے سیاحوں کی آمد کو خوش آئند قرار دیاہے اور اس سے معشیت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Comments are closed.