بارسلونا۔ اسپین نے یورپی یونین اور شینگن ایریا سے باہر کے ممالک سے غیر ضروری سفر پر پابندیوں میں 31 مارچ تک توسیع کردی ہے۔ پابندیوں کا خاتمہ 28 فروری کو ہونا تھا تاہم جمعہ کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے انھیں مارچ کے آخر تک بڑھا دیا گیا تھا۔
تاہم ایسے ممالک جہاں وائرس کے پھیلاو میں کمی واقع ہوئی ہے وہاں کے شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ ان ممالک میں آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، روانڈا ، سنگاپور ، جنوبی کوریا ، تھائی لینڈ ، چین اور ہانگ کانگ اور مکاؤ شامل ہیں۔اس فہرست کو 30 جون کو مرتب کیاگیا اور اس میں متعدد بار تبدیلی کی گئی۔جاپان کو 28 جنوری کو اس فہرست سے خارج کردیا گیا تھا۔
ہسپانوی حکومت نے برطانیہ جنوبی افریقہ اور برازیل سے آنے والی پروازوں پر بھی پابندی میں 16 مارچ تک توسیع کردی ہے۔ ہسپانوی شہریوں اور رہائشیوں کے علاوہ اسپین نے 22 دسمبر کو برطانیہ سے آنے والوں پر پابندی عائد کی تھی۔اسپین جانے والے افراد کو سفر سے پہلے ہیلتھ کنٹرول فارم اور پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیاہے، ہیلتھ کنٹرول فارم حکومت کی ویب سائٹ پر رسائی موجود ہے۔
اسپین کی 17 خود مختار برادریوں کے درمیان سفر پر بھی پابندیاں عائد ہیں۔اندلس ، اراگون ، استوریاس ، باسکی، کینٹابریا ، کاسٹیلا و لیون ، کاتالونیا ، سیوٹا اور میلیلا ، گلیشیا ، مرسیا ، ناوررا اور والنسیا میں لوگوں آنے جانے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔میڈرڈ ، کینریز اور بلیئرک جزیرے ، کاسٹیلا لا مانچہ ، اور ایکسٹریمادورا اپنے پابندیاں ختم کرتے ہوئے آنے جانے پر عائد علاقائی پابندی ختم کردی ہے۔
Comments are closed.