سپین حکومت آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، پیدرو سانچیز

اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہے کہ ملک اس وقت جنگل کی تباہ کن آگ کے خلاف ایک کڑی آزمائش سے گزر رہا ہے اور حکومت اس سے نمٹنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے خبردار کیا کہ آج کا دن بھی انتہائی مشکل ہوگا کیونکہ نئے آتشزدگی کے واقعات کا خطرہ بدستور بہت زیادہ ہے۔ ان کے بقول، “آج پھر ایک کڑا دن ہوگا، لیکن ہم آگ کو روکنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں”۔

سانچیز نے فائر فائٹرز، فوجی اہلکاروں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جو محاذِ اول پر اپنی جان خطرے میں ڈال کر قیمتی جان و مال بچانے میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم ان کی خدمات کی معترف ہے۔

اسپین کے صوبہ لیون میں گرمی اور خشک موسم کے باعث بھڑکنے والی ہولناک آگ نے ایک گاؤں کو مکمل طور پر صفحۂ ہستی سے مٹا دیا۔ یونٹڈ ملٹری ایمرجنسی کے ایک فوجی نے دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں پالاثیوس دے خاموس گاؤں کو جلا ہوا اور کھنڈرات میں تبدیل دکھایا گیا۔ فوجی نے افسوسناک لہجے میں کہا: “یہ پہلی بار ہے کہ میں نے پورا گاؤں جلتے دیکھا ہے”۔

یہ آگ زامورا کے علاقے سے شروع ہوئی اور تیز ہوا کے باعث لمحوں میں کئی دیہات تک جا پہنچی۔ اس تباہی کے نتیجے میں 11 بستیوں کے تقریباً 2,600 رہائشی بے گھر ہو گئے۔ حکام کے مطابق اب تک تقریباً 37 ہزار ہیکٹر جنگلات، چراگاہیں اور کھیت کھلیان خاکستر ہو چکے ہیں۔

آتشزدگی کے دوران ایک 37 سالہ نوجوان بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جو آگ بجھانے کی کوشش میں 85 فیصد جسم پر جھلسنے کے زخموں کا شکار ہوا تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 13 اگست 2025 تک اسپین میں اس سال 500 ہیکٹر سے زائد رقبے پر پھیلنے والے 31 بڑے جنگل کی آگ کے واقعات ہو چکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 84,432 ہیکٹر زمین تباہ ہو چکی ہے۔ یہ اعداد و شمار پچھلے سال کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں، جب 19 واقعات میں صرف 27,556 ہیکٹر متاثر ہوا تھا۔

سب سے زیادہ نقصان قاستییا ای لیون میں ہوا ہے، جہاں 41,993 ہیکٹر رقبہ جل چکا ہے۔ اس کے بعد ایکستریمادورا، گالیسیا، کاتالونیا، کاستیا لا مانچا، آندالوسیا، میڈرڈ اور کانتابریا بھی اس تباہی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی، خشک سالی اور بلند درجہ حرارت آئندہ برسوں میں ایسی آفات کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

https://x.com/sanchezcastejon/status/1956271112486076698?s=19

Leave A Reply