سپین کا کورونا وباء میں کام کرنے والے تارکین وطن کو ورک پرمٹ دینے کا اعلان

سپین کی حکومت کی جانب سے تارکین وطن کے لئے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، کورونا وباء کے دوران کام کرنے والے تارکین وطن سپین کا 2 سال کا ورک پرمٹ لینے کے اہل ہوں گے۔

تارکین وطن کے حوالے سے 7 اپریل کو جاری شاہی فرمان کو تسلیم کرنے اور اس پر پورا اترنے والے نوجوان تارکین وطن سپین میں قانونی رہائش اور دو سالہ ورک پرمٹ لے سکیں گے اور اس ورک اینڈ ریزیڈنس پرمٹ میں مزید دو سال کی توسیع بھی ہو سکے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وباء کے دوران اپریل 2020 میں وزارت زراعت، ماہی گیری و خوراک نے بحرانی صورتحال اور افرادی قوت کی کمی کے باعث خصوصی اقدام اٹھاتے ہوئے زراعت کے شعبے کیلئے عارضی ملازمین کی خدمات لی تھیں۔

ہسپانوی حکام کا کہنا ہے کہ ورک پرمٹ دینے کا مقصد سپین میں زراعت سمیت بنیادی اور اہم نوعیت کے شعبوں میں کوروناوباء کے مشکل دور میں کام کرنے والے نوجوان تارکین وطن کو ملازمتوں میں پہلی ترجیح دینا ہے۔ 18 سے 21 سال کے ایسے نوجوان تارکین وطن جو مختلف بنیادی نوعیت کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں وہ اس سے مستفید ہوں گے۔

تیسرے ممالک کے رہائشی نوجوان تارکین وطن 30 اکتوبر تک سپین کے ریزیڈنس اینڈ ورک پرمٹ کے لئے درخواستیں دے سکتے ہیں، 9 اپریل سے 30 ستمبر تک مسلسل کام کرنے والے تارکین وطن اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

Comments are closed.