بارسلونا، بارسلونا میں ٹیکسی اور وی ٹی سی کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ دونوں فریق ایک دوسرے پر شہر میں ٹریفک جام کا باعث بننے اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کے الزامات لگا رہے ہیں۔
ٹیکسی ڈرائیوروں کی تنظیم ایلیتے نے الزام لگایا ہے کہ اوبر، کابی فائی اور بولٹ جیسی ایپس سے چلنے والی VTC گاڑیاں سڑکوں پر اضافی رش کا سبب بن رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کاتالان حکومت کو جلد از جلد نئی ٹرانسپورٹ قانون سازی کو مکمل کرنا چاہیے، جس پر دو سال سے کام ہو رہا ہے، تاکہ اس شعبے کو بہتر انداز میں ریگولیٹ کیا جا سکے۔
الیتے ٹیکسی کے نمائندے البرٹو الواریز عرف تیتو کے مطابق بارسلونا پولی ٹیکنک یونیورسٹی کی ایک حالیہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ VTC گاڑیاں ٹریفک جام کا ایک بڑا سبب ہیں۔ ان گاڑیوں کی تعداد کم ہونے کے باوجود، وہ بس-ٹیکسی لین استعمال نہیں کر سکتیں، جس کی وجہ سے وہ سڑکوں پر زیادہ وقت گزارتی ہیں اور ٹریفک بلاک کرتی ہیں۔
بارسلونا میں تقریباً 1400 وی ٹی سی گاڑیاں کام کر رہی ہیں، جبکہ ٹیکسیوں کی تعداد 10,521 ہے۔وی ٹی سی گاڑیاں 41.43% روڈ اسپیس گھیرتی ہیں، جبکہ ان کی سروسز کی تعداد کم ہے۔
کچھ اہم سڑکوں جیسے ویلنسیا اور آراگو پرVTC گاڑیاں ٹیکسیوں کے برابر یا ان سے زیادہ جگہ لے رہی ہیں۔ٹیکسی ڈرائیوروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی VTC گاڑیاں بغیر مناسب سرکاری اجازت نامے کے کام کر رہی ہیں اور ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔
وی ٹی سی کمپنیوں کی تنظیم اوناوٹو اور وی ٹی سی کاتالونیا نے ایلیتے ٹیکسی کے الزامات کو “منافقت” قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایلیتے ٹیکسی خود کئی بار شہر میں ٹریفک بلاک کرنے اور دباؤ ڈالنے میں ملوث رہی ہے، اور اب VTC کو غلط طور پر نشانہ بنا رہی ہے۔
وی ٹی سی کا موقف ہے کہ ان پر عائد تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔اگر VTC سروسز کو محدود کر دیا گیا تو شہریوں کے پاس سفری سہولت کے کم اختیارات ہوں گے، اور زیادہ لوگ ذاتی گاڑیاں استعمال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
وی ٹی سی سیکٹر 3,000 سے زیادہ نوکریاں فراہم کر رہا ہے، اور ان پر پابندیاں لگانے سے معیشت پر بھی منفی اثرات پڑیں گے۔بارسلونا کی سڑکوں پر ہونے والی کئی جھڑپوں میں VTC ڈرائیوروں کو ٹیکسی ڈرائیوروں کی طرف سے حملوں کا سامنا رہا ہے۔وی ٹی سی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر منصفانہ ضوابط ختم کرے اور VTC ڈرائیوروں کو کام کرنے کے لیے مناسب مواقع فراہم کرے۔
یہ تنازعہ حکومت کے لیے ایک بڑا امتحان بن گیا ہے، کیونکہ ایک طرف ٹیکسی سیکٹر کا دباؤ ہے، اور دوسری طرف VTC کمپنیاں اپنے وجود کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
کاتالان حکومت کی جانب سےک نئی ٹرانسپورٹ پالیسی کے جلد نافذ ہونے کی توقع ہے، جس میں دونوں فریقوں کے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تاہم، فی الحال، بارسلونا میں یہ جنگ شدت اختیار کر رہی ہے اور شہریوں کے لیے سفری مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
Comments are closed.