امریکہ:سپیکرنینسی پلوسی کے شوہر ہتھوڑے کے وار سے شدید زخمی

حملہ آور نے گھر میں گھس کر حملہ کیا،کھوپڑی میں فریکچر،اسپتال منتقل،حالت بہتر

امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر اس وقت شدید زخمی ہو گئے۔جب ایک حملہ آور نے کیلیفورنیا میں واقع ان کے گھر میں گھس کر ان پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیلوسی کے ترجمان ڈریو ہیمل نے کہا کہ پال پیلوسی پر ایک حملہ آور نے گھر میں داخل ہو کر حملہ کیا، جس سے ان کی کھوپڑی میں فریکچر ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق حملہ آور سپیکر نینسی پیلوسی کی تلاش میں تھا اور پال گھر پر اکیلے تھے کیوں کہ ان کی بیوی بطور سپیکر خدمات کے لیے واشنگٹن میں موجود تھیں۔حکام نے کہا ہے کہ 82 سالہ پال پیلوسی کی حملے کے بعد سرجری ہوئی اور وہ اب ہسپتال میں صحت یاب ہو رہے ہیں۔

سان فرانسسکو پولیس نے کہا کہ افسران نے حملہ آور کو پیلوسی کے گھر سے رات ڈھائی بجے حراست میں لیا۔سان فرانسسکو پولیس کے سربراہ بل سکاٹ نے صحافیوں کو بتایا مشتبہ شخص نے پال پیلوسی سے ہتھوڑا کھینچ لیا اور اس سے ان پر حملہ کر دیا۔بعدازاں انہوں نے بتایا کہ پال پیلوسی کو کم از کم ایک بار ہتھوڑا مارا گیا تھا۔

حملہ آور کی شناخت 42 سالہ ڈیوڈ ڈی پاپے کے طور پر کی گئی ہے، تاہم پولیس نے مزید سوالات کے جواب دینے سے انکار کردیا۔پریس کانفرنس میں سان فرانسسکو پولیس کے سربراہ بل سکاٹ نے کہا کہ مشتبہ شخص اب بھی ہسپتال میں ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ اس جرم کے مبینہ محرکات کو عوامی طور پر ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب سپیکر نینسی پیلوسی کے ترجمان نے کہا کہ پال پیلوسی کو زکربرگ سان فرانسسکو جنرل ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔جہاں ان کی کھوپڑی پر فریکچر اور دائیں بازو اور بازو پر شدید چوٹوں کی کامیاب سرجری کی گئی۔ان کے ڈاکٹروں کو مکمل صحت یابی کی توقع ہے۔

Comments are closed.