پاک-بھارت کشیدگی پر امریکی صدر کا ردعمل، صورتحال کو “افسوسناک” قرار دیا

واشنگٹن — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملوں اور اس کے ردعمل میں پاکستان کی جوابی کارروائی کو “افسوسناک” قرار دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا، “یہ واقعی افسوسناک ہے۔ ہم نے اس بارے میں ابھی سنا ہے جب ہم اوول آفس کے دروازے سے اندر آ رہے تھے۔”

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو شاید پہلے ہی اندازہ تھا کہ اس خطے میں کچھ نہ کچھ ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا، “یہ دونوں ممالک بہت عرصے سے لڑتے آ رہے ہیں، دہائیوں سے، بلکہ اگر غور کریں تو صدیوں سے یہ تنازع جاری ہے۔”

واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان کے تین مقامات پر میزائل حملے کیے، جن میں عام شہریوں اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

اس کے جواب میں پاکستان نے بھارت کے پانچ مقامات کو نشانہ بنایا، جس پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہو چکا ہے۔

صدر ٹرمپ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی برادری دونوں ممالک سے تحمل اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کر رہی ہے۔

Comments are closed.