نیویارک: پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے صدر اور امریکا میں ہردلعزیز پاکستانی شخصیت ضمیر حسین خان انتقال کر گئے، مذہب، لسانیت اور قومیت سے بالاتر ہو کر شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی۔
امریکا میں پاکستانی برادری کی ہردلعزیز شخصیت ضمیر حسین خان کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ ان کے سینکڑوں چاہنے والوں نے ریاست نیویارک میں آخرت کے سفر پر روانہ کیا، کورونا وباء کے باعث ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے نماز جنازہ اور تدفین کے مراحل مکمل کیے گئے۔
امام الخوئی سینٹر میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے وقت کثیر تعداد میں پاکستانی، بھارتی اور نیویارک کے مقامی افراد نے شرکت کی، سکھ برادری اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے پہنچے۔
ضمیر حسین خان یونیورسل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے روح رواں اور نیویارک ریاست میں پاکستان تحریک انصاف کے منتخب صدر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھے، ان کی مذہبی سماجی اور ملک کے لئے خدمات دیر تک یاد رکھی جائیں گی۔
مرحوم کی تدفین کے بعد علامہ سخاوت نے اپنے تاثرات میں ضمیر حسین خان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی، انہوں نے بتایا کہ ضمیر حسین امریکا میں شبیہہ ذوالجناح کی دیکھ بھال اور مختلف شہروں میں لانے لے جانے کی ذمہ داری اٹھائے ہوئے تھے۔
Comments are closed.