صحافی گمشدگی پرعالمی پابندیوں پر بڑا ردعمل دیں گے، سعودی عرب

ریاض: سعودی عرب نے کہا ہے کہ صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی کی وجہ سے عالمی قوتوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی کارروائی ہوئی تو بڑا ردعمل دیں گے۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اگر جمال خشوگی کی گمشدگی کے حوالے سے اُس پر کسی قسم کی پابندیاں عائد کی گئیں تو ریاض جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

سعودی حکام کا مزید کہنا تھا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے مشیر خاص صحافی کی گمشدگی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے استنبول گئے ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ کے سامنے آنے تک قبل ازوقت غلط اندازے لگانے سے گریز کیا جائے۔

سعودی حکام نے ایک بار پھر صحافی جمال خشوگی کی استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل کیے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی قونصل سے واپس چلے گئے تھے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

امریکی صدر نے جمال خوشگوی کے قتل ہوجانے کی صورت میں سعودی عرب کو سنگین سزا کے لیے تیار رہنے کی دھمکی دی تھی اور امریکی سینیٹ نے پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا جب کہ اقوام متحدہ اور برطانیہ کی جانب سے بھی سخت لہجہ اختیار کیا گیا تھا۔

Comments are closed.