مقبوضہ کشمیر میں جبری پابندیوں کا 48 واں روز، پکڑ دھکڑ جاری

سری نگر: غاصب بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں عائد جبری پابندیوں کا آج 48 واں روز ہے، بھارتی فوج نے کپواڑا میں چادرو چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی جب کہ پلواما میں مزید 2 افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔

مقبوضہ وادی میں 5 اگست سے کرفیو نافذ ہے، چپے چپے پر بھارتی فوج تعینات ہے۔ کشمیری اپنے ہی گھروں میں قیدی بن کر رہ گئے، بھارتی فوج نے کپواڑا میں گھر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی، پلواما میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

لوگوں کو گھروں سے نکلنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جانا معمول بن گیا ہے، انٹرنیٹ، موبائل سروس بھی بند ہے، تمام حریت اور سیاسی رہنماؤں کو گھر اور جیلوں میں نظر بند کر رکھا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد وادی بھر میں مودی سرکار کے خلاف مظاہرے ہوئے، بارہ مولا، کپواڑا، بانڈی پورہ، پلوامہ اور شوپیاں سمیت مختلف اضلاع میں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

آزادی کے حق میں اور مودی سرکار کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے نہتے افراد پر قابض فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور گولیاں برسائیں جس سے متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔

Comments are closed.