کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دنیا کا سب سے بڑا کشمیری پرچم اٹھا کر ملین مارچ

اسلام آباد: کشمیریوں سے یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف اسلام آباد کے شہریوں نے ملین مارچ کیا جس میں دنیا کا سب سے بڑا کشمیری  پرچم بھی اٹھایا گیا۔

بھارت کی جانب سے مقبوصہ کشمیر میں جاری مظالم اور دو ماہ سے زائد عرصے سے مسلسل کرفیو کے خلاف شہر اقتدار میں ملین مارچ کیا گیا۔ مارچ ڈی چوک سے شروع ہو کر سنٹورس مال تک اختتام پذیر ہوا۔ مارچ میں مختلف مکتب فکر کے علاوہ سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی اس موقع پر خواتین شرکاء کا جوش قابل دید تھا۔

مارچ کے شرکا نے دنیا کا سب سے بڑا کشمیر کا جھنڈا بھی  اٹھایا جب کہ بھارتی مظالم اور کشمیریوں حق میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، شرکاء کی جانب سے بھارتی فوج اور مودی سرکار کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے پوری قوم کے مابین اتحاد اور مشترکہ جدوجہد پر زوردیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور مذہبی اور سیاسی رہنماؤں سمیت تمام لوگوں کو کشمیر کے نصب العین کیلئے متحد ہو جانا چاہئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جان لینا چاہئے کہ ایک مسلمان باطل قوتوں کے سامنے نہیں جھکتا اور کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مارچ کی منتظم اعلیٰ عظمیٰ گل نے کہا کہ مارچ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے اور یہ نریندر مودی کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ کشمیری اکیلے نہیں ہیں اور وہ بہت جلد بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرلیں گے۔

Comments are closed.