مقبوضہ کشمیر میں 1 ماہ کے دوران 21 کشمیری شہید،3 خواتین کی بے حرمتی،5 گھر تباہ

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی اور سنگین جرائم بدترین شکل اختیار کر چکے ہیں، غاصب بھارتی فوج نے صرف جنوری کے مہینے میں 21 معصوم کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی سرکار اور قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی ہر حد پار چکی ہے، گزشتہ ماہ (جنوری) کے دوران بھارتی فوج نے 21 بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا جب کہ ظالمانہ اقدامات کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والوں پر پیلٹ گنز، فائرنگ کے باعث کم از کم 14 افراد شدید زخمی ہیں۔

درندہ صفت بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں تین کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی جب کہ پانچ گھروں کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تباہ کیا۔ ایک ماہ میں 104 کشمیریوں کو بغیر کسی جرم کے گرفتار کیا گیا جن میں اکثریت نوجوانوں اور حریت پسند کارکنوں کی ہے۔ ان افراد کو بدنام زمانہ سیاہ قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات دائر کیے گئے۔

 بھارت کے ظالمانہ لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ عوام ایک قیدی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔مسلسل 181 روز سے بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انتہاء پسند مودی سرکار اور اس کی جنونی فورسز کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری قوم کے حوصلے بلند ہیں اور آزادی سے کم کسی بھی بات پر راضی نہیں۔

Comments are closed.