اسلام آباد:تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو حریت رہنما محمد مقبول بٹ کی 36 ویں برسی کے موقع پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں کشمیری رہنماؤں، شہریوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو مقبول بٹ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر جے کے ایل ایف کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے کہا کہ مقبول بٹ نے کشمیریوں کی آنے والی نسلوں کے لئے قربانی دی انکی شہادت نے کشمیری عوام کو تحریک آزادی کا راستہ دکھایا۔
غاصب بھارت کی جانب سے 11 فروری 1984 کو محمد مقبول بٹ کے قتل کے ہزاروں مقبول بٹ پیدا ہو چکے ہیں جو اپنے شہید قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔
رفیق ڈار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 9 اور 11 فروری کو مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کر کے افضل گورو اور مقبول بٹ کو کشمیری عوام نے زبردست انداز خراج عقیدت پیش کیا۔ جو کہ مودی سرکار کے لئے واضح پیغام ہے کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق آزادی سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور جدوجہد آزادی بھارت کے تسلط ختم ہونے تک جاری رکھی جائے گی۔
مظاہرے میں شریک افراد نے پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبول بٹ اور افضل گورو کی تصاویر کے ساتھ ساتھ بھارت کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین نے عالمی برادری سے یاسین ملک سمیت مقبوضہ کشمیر کے اسیر رہنماؤں کی رہائی کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
Comments are closed.