پاکستان کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے خطرناک وائرس کی صورتحال کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش ہے اس لئے بھارتی حکومت مقبوضہ وادی میں کرونا وائرس کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر گہری تشویش ہے، انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ مقبوضہ وادی میں کورونا پھیلاؤ کے پیش نظر لاک ڈاؤن ختم کر کے ضروری ادویات و خوراک کی فراہمی یقینی بنائے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ نے کورونا کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں واک ان قونصلر سروسز بند کر دی گئی ہیں وزارتِ خارجہ میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں سے رابطے میں ہے جب کہ دفتر خارجہ میں چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں نے اپنی کمیونٹی کی راہنمائی کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دئیے ہیں، شہریوں کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام ہم وطنوں کو حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا کہا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کا دورہ کیا اور ان کے دورۂ چین کے دوران دو اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ملکوں کی قیادت نے باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

Comments are closed.