سری نگر: غاصب بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں چار کشمیری نوجوان شہید کر دیئے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے اضلاع کشتواڑ اور شوپیاں میں نام نہاد تلاشی و محاصرہ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے چار نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ آپریشن کے دوران مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائی کے خلاف دونوں اضلاع کے متعلقہ علاقوں کے عوام نے شدید احتجاج کیا، اہل علاقہ نے دہشت گرد مودی سرکار اور قابض بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر غاصب افواج کی جانب سے شہریوں پر طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب آل پارٹیز حریت کانفرنس نے ایک مرتبہ پھر گرفتار کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے، اے پی ایچ سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر جیلوں سے قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے لیکن مودی سرکار کشمیری حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے رہا نہیں کر رہی۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی وباء کے باعث جیلوں میں قید کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں کی زندگیاں شدید خطرے سے دوچار ہیں، اقوام متحدہ گرفتار کشمیری رہنماؤں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
Comments are closed.