آزاد کشمیر میں حقیقی معنوں میں تبدیلی لانے میں کامیاب ہوئے ،وزیر اعظم راجا فاروق حیدر

نون لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ نون اور آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون آزادکشمیر کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں عوام کی بھرپور خدمت کی ۔ آزادکشمیر کے دیرینہ مسائل ہمارے دور میں محمد نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی مہربانی سے حل ہوئے ۔ قائد پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا جس سے آزاد خطہ میں تعمیر وترقی کا نیا دور شروع ہوا۔

سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک اظہار خیال کرتے ہوئے راجا فاروق حیدر نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں آزادکشمیر کے ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبے لگائے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اقتدار میں آنے کے بعد عام آدمی کی ترقی کےلئے کام کیا، غریب آدمی کی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے پالیسیاں بنائیں اور ان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کیا تاکہ غریب آدمی کا معیار زندگی بلند ہو۔

راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں آزاد کشمیر میں حقیقی معنوں میں تبدیلی آئی ہے ۔ اس وقت آزادکشمیر کی تمام بین الاضلاعی اور پاکستان سے ملانے والی بڑی شاہرات کی اپ گریڈیشن کی جاچکی ہے ۔ حکومت میں آئے تو بہت سارے مسائل کا سامنا تھا لیکن اللہ کے فضل و کرم سے تمام مشکلات پر قابو پاتے ہوئے آزادکشمیر کو ترقی یافتہ خطہ بنانے کا عمل شروع کیا جو آ ج بھی جاری ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آمدہ الیکشن میں جائے گی اور عوام فیصلہ کرینگے کہ ہماری کارکردگی سے مطمئن ہیں یا نہیں۔

Comments are closed.