اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا میں چلنے والی ان خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر میں کوئی فاروڈ بلاک بن رہاہے یا پارٹی کا کوئی دھڑا دوسری پارٹیوں کے ساتھ شامل ہونے کے لیے گٹھ جوڑ کررہاہے۔ پی ٹی آئی بطور پارٹی اور حکومت آزادجموں وکشمیر وزیراعظم عمران خان خان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور ان کی لیڈرشپ میں متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی لیڈرشپ، وزرا، ممبران کشمیر کونسل، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور یونین کوسل کی سطح تک کے عہدے داران وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر اٹھائیس مارچ کو ہونے والے تاریخ ساز جلسہ میں شرکت کی بھرپور تیاری کررہے ہیں۔ انشا اللہ آزادکشمیر سے ہزاروں لوگ قافلوں کی شکل میں اٹھائیس مارچ کے جلسے میں شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے تمام اضلاع میں پی ٹی آئی کے رہنما سرگرم ہیں۔
مزکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پی ٹی آئی میں پھوٹ کی جھوٹی اطلاعات پھیلارہی ہیں تاکہ پی ٹی آئی کی حکومت اور پارٹی کو کمزور کیا جاسکے۔حالانکہ خود اپوزیشن جماعتوں کے اندر زبردست دھڑے بندی پائی جاتی ہے۔ وہ ایک دوسرے کو برداشت کرنے کے روادار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور پی ٹی آئی بطور پارٹی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے ۔ آزمائش کی اس گھڑی میں کسی قسم کمزوری دکھانے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ ارشاد محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران نے ایک بار پھر او آئی سی میں مسئلہ کشمیر پر جاندار موقف اختیار کرکے کشمیریوں کی امنگوں کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان مظلوم کشمیریوں کی آواز بن چکے ہیں۔
Comments are closed.