پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں جی 20 ممالک اجلاس بلانے کی خبروں کی سخت مذمت

 اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی ممالک کااجلاس بلانے کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازع ہے، حقائق نظر انداز کرکے اجلاس بلانےکے اقدام کوپاکستان اور عالمی برادری کسی صورت قبول نہیں کر سکتی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستا ن مقبوضہ جموں و کشمیر میں جی 20 اجلاس منعقد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازع ہے اور سات دہائیوں سےاقوام متحدہ سلامتی کونسل ایجنڈے پر ہے۔ تسلیم شدہ حقائق نظر انداز کرکے مقبوضہ خطے میں جی 20 اجلاس بلانے پر غور بددیانتی ہے جسے پاکستان اور عالمی برادری کسی صورت قبول نہیں کر سکتی۔بھارت اس اقدام سے مقبوضہ کشمیر پر 7 دہائیوں سےجاری غیرقانونی قبضے کا جواز تلاش کر رہا ہے، پاکستان کو توقع ہے کہ جی 20 رکن ممالک اس بھارتی کوشش کو یکسر مستردکریں گے۔

 ترجمان نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے جو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ 5 اگست 2019ء کے بعد سے اب تک قابض بھارتی افواج نے 639 مزید بے گناہ کشمیری شہید کر چکی ہیں۔

Comments are closed.