مقبوضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اقوام متحدہ کی فوری مداخلت کی متقاضی ہے۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام ایک اہم خط ارسال کیا ہے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیرمیں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔خط میں محمود احمد ساغر نے زور دیکر کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریاں، اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندیاں اور عام شہریوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے آبادیاتی تبدیلیوں، مسلم اکثریتی طبقے کو اقلیت میں بدلنے کی مذموم کوششوں اور اپنی عدلیہ و ریاستی اداروں کے ناجائز استعمال سے انتونیو گوتریس کو آگاہ کرتے ہوئے شدید تشویش کا ا ظہار کیا ہے۔
ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین نے پھر ایکباریہ واضح کیا کہ بی جے پی کی پالیسیوں کا مقصد کشمیری عوام کی قومی شناخت مٹانا اور خطے کو نوآبادیاتی تسلط میں لانا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی ان قراردادوں کے فوری نفاذ کا مطالبہ کیا ہے جو کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت اور خطے میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کی ضمانت دیتی ہیں۔ محمود احمد ساغر نے اپنے خط میں اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کا موثر نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں اپنا فعال کردار ادا کرے تاکہ اس خطے میں امن و سلامتی اور انصاف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments are closed.