مظفرآباد:اسلام کی سربلندی کے لئے نواسہ رسول امام عالی مقام حضرت امام حسین نے کربلا میں اپنے خاندان اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے دنیاکی ظالم و جابر قوتوں کو پیغام دیا کہ اللہ کے بندے صرف اللہ کے سامنے سر بسجود ہوتے ہیں۔وہ سر کٹوانا قبول کریں گے لیکن باطل قوتوں کے سامنے کبھی سرینڈر نہیں کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین احمد نے واقعہ کربلا کے سلسلے میں اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 10محرم الحرام، بروز جمعہ 61ہجری سیدنا حضرت امام حسین اپنے فرزندوں، عزیزوں اور جاں نثاروں کے ساتھ دریائے فرات کے کنارے مقامِ کربلا میں یزیدی لشکر سے مردانہ وار لڑتے ہوئے شہادت کے اعلی مرتبے پر فائز ہوئے۔آپ وقت کے یزید کے باطل اقدامات کے خلاف آہنی دیوار بن گئے۔ رخصت یا ہزیمت کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے عزیمت کی راہ اختیار کی۔
شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ کربلا کے واقعے نے یہ ثابت کیا کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے اور باطل مٹ جاتا ہے۔ظلم ظلم ہے،بڑھ جاتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام47 19سے بالعموم اور 1989سے بالخصوص کربلا کے مناظر سہہ رہے ہیں۔ ہرصبح کربلا،ہر شام کربلا۔معصوم بچوں کو قتل کیا جارہا ہے۔چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے۔ بلا کسی امتیاز کے ہزاروں اہل کشمیرکو جیلوں اور تعذیب خانوں میں ٹھونسا جارہا ہے۔باظل قوتوں کی ہر طرف سے یلغار ہے لیکن کشمیری عوام نے اس حقیقت کو سمجھ لیا ہے کہ غلامی پر شہادت کو ترجیح دینا حسینیت ہے اور ظلم و جبر کا علاج اور مقابلہ بھی حسینیت ہی ہے۔اسی اصول پر عمل پیرا ہوکر ان شا اللہ حصول منزل تک جدوجہد جاری رہے گی اور ان شا اللہ یہ جدوجہد کامیاب بھی ہوگی۔یہ اللہ کا وعدہ ہے۔
Comments are closed.