آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے کہاہے کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ سوشل میڈیا خبروں اور پروپیگنڈے کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہیے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں،ہمارے نوجوان اس ملک و قوم کی روشن روایات ،قائد اور اقبال کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کا تعاون ضروری ہے۔ سوشل میڈیا خبروں اور پروپیگنڈے کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے۔ سوشل میڈیا خبروں کی تحقیق لازم ہے۔ تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ۔ سپہ سالار نے کہاکہ اللہ تعالی ٰفرماتے ہیں کہ”اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اُس کی تصدیق کرلو۔
آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ۔ پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔ پاکستان اورریاست طیبہ دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئیں۔ مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے۔ آرمی چیف کے خطاب کے دوران طلباء نے پاکستان آرمی زندہ باد ، پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
Comments are closed.