جعلی فٹبال کلب نے لنگڑے شخص کو کھلاڑی بنا کر جاپان بھیج دیا، ہزاروں بھکاری ڈی پورٹ

اسلام آباد:  جعلی فٹبال کلب کی جانب سے لنگڑے شخص کو کھلاڑی بنا کر جاپان بھیجے جانے جبکہ سعودی عرب، دبئی سمیت مختلف ممالک میں بھیک مانگنے کے لئے گئے چھپن ہزار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے نے بتایاکہ 56 ہزارپاکستانیوں کوبھیک مانگنے پرڈی پورٹ کیا گیا جن میں سے سعودی عرب سے 24 ہزار دوبئی سے 6 ہزاراور آذربیجان نے اڑھائی ہزارپاکستانی بھکاریوں کوڈی پورٹ کیا۔

ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا تھاکہ رواں سال پچاسی لاکھ افرادبیرون ملک گئے جبکہ اکیاون ہزارافراد کوثبوت کے ساتھ آف لوڈ کیا گیا، امیگریشن میں سختی کے باعث پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ 118 سے 92 نمبرپرآئی۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بتایاکہ رواں سال وزٹ ویزہ پر کمبوڈیا جانے والے چوبیس ہزارمیں سے 12 ہزار، برما جانے والے 4 ہزارمیں سے اڑھائی ہزارواپس نہیں آئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ ایک جعلی فٹبال کلب نے ایک ٹانگ سے معذور شخص کو کھلاڑی بنا کر جاپان بھجوایا، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مذکورہ جعلی کلب انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہے اور دو ہزار بائیس میں بھی ایک ٹیم کو جاپان بھجوا چکا ہے۔

Comments are closed.