شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید نے شادی کرلی،ثانیہ مرزا  نے خلع لے لی

 شعیب ملک اور  پاکستان کی معروف اداکارہ ثنا جاوید نے شادی کرلی ۔ شعیب ملک نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اور ثنا جاوید کی شادی کی تصاویر پوسٹ کیں۔قومی کرکٹر نے اپنی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے  قرآن پاک کی آیت بھی لکھی۔مختلف میڈیا رپورٹ کے مطابق ثنا جاوید اور شعیب ملک کی شادی کی تقریب کچھ روز قبل کراچی میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں دوستوں اور قریبی رشتہ داروں نے شرکت  کی۔

 شعیب ملک نے سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے پہلی شادی کی تھی۔  دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔ دسمبر 2022 سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں ۔  دونوں اسٹارز کی جانب سے طلاق کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

دوسری جانب اداکارہ ثنا جاوید نے سال 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے نکاح کیا تھا۔ سال 2023 میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبر سامنے آئی تھی۔

ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا  کا ردعمل

بھارتی میڈیا کے مطابق ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے اس خبر پر ردعمل دیاہے۔  انہوں نے کہاہے کہ  یہ خلع ہے یعنی ثانیہ مرزا نے خود شعیب ملک سے طلاق لی ہے۔مختلف میڈیا رپورٹس  کے مطابق  قومی کرکٹر کی دوسری خواتین کے ساتھ دوستی تھی۔    ثانیہ مرزا نے ایک عرصے تک اس معاملے کو نظر انداز کیا ۔  بعد ازاں  یہ سب اُن کی برداشت سے باہر ہوا تو  شعیب ملک سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شعیب ملک کے اہلخانہ اُن کی اور ثانیہ مرزا کی طلاق پر ناراض ہیں ۔ اُن کی فیملی کے کسی بھی فرد نے اُن کی اور ثنا جاوید کی شادی میں شرکت نہیں کی۔

Comments are closed.