فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے خوفناک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

 زور دار دھماکا

ریسکیو حکام کے مطابق بوائلر میں اچانک شدید دھماکا ہوا جس کے فوراً بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فیکٹری کی چھت اور ملحقہ گھروں کے کچھ حصے بھی گر گئے۔شہر بھر میں دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو ٹیموں کی کارروائیاں

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 8 افراد کی نعشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔فائر بریگیڈ بھی آگ بجھانے میں مصروف رہی جبکہ سول ڈیفنس اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی آمد

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 12 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ 6 زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈی سی کے مطابق ملحقہ گھروں کی چھتیں گرنے سے بھی نقصان ہوا اور متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

تحقیقات شروع

انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ فیکٹری میں حفاظتی اقدامات اور بوائلر کی حالت کے بارے میں بھی باضابطہ انکوائری متوقع ہے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں پہلے بھی بوائلر کے مسائل کی شکایات سامنے آتی رہی تھیں، جسے اب تفتیش میں شامل کیا جائے گا۔

Comments are closed.