نامور کامیڈین و اداکار جاوید کوڈو انتقال کر گئے، فنکار برادری سوگوار

لاہور: اسٹیج، فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار و کامیڈین جاوید کوڈو 63 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے علیل اور جنرل اسپتال لاہور میں زیر علاج تھے۔ ان کے انتقال پر فنکار برادری اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

جاوید کوڈو نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی میں کیا اور مختصر قامت، منفرد اداکاری اور جاندار مزاحیہ انداز کے باعث جلد ہی مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچے۔ انہوں نے 150 سے زائد اردو و پنجابی فلموں، سینکڑوں اسٹیج ڈراموں اور متعدد ٹی وی شوز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ان کا فن اور انداز آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

مرحوم نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹے (سلمان اور طیب) اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

نمازِ جنازہ سنگھ پورہ پرانی منڈی گراؤنڈ، لاہور میں ادا کی گئی، جس کی امامت سینئر اداکار جواد وسیم نے کی۔ جنازے میں معروف فنکاروں سہیل احمد عرف عزیزی، نسیم وکی، افضل خان (جان ریمبو)، نوید انجم، کاشف محمود، شکیل چن، عابد شاہ اور دیگر اسٹیج و ٹی وی کے اداکاروں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اداکاروں نے موقع پر مرحوم کے بیٹوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور جاوید کوڈو کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا انتقال فنِ مزاح کا ایک بڑا نقصان تصور کیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.