پاکستان کی لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عید الاضحیٰ کے مقدس موقع پر لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے کیے گئے یہ حملے بین الاقوامی قوانین اور لبنان کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ کارروائیاں نہ صرف 24 نومبر کے جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے میں امن کو مزید خطرے میں ڈالنے کا باعث بن سکتی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور جنگ بندی کے ثالثین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانے کے لیے مؤثر اور فوری اقدام کریں۔ ساتھ ہی عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ مزید کشیدگی اور انسانی المیے سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون، امن اور انصاف کے اصولوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ایسے حملوں کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔

Comments are closed.