پاک ایران  تعلقات بحال،ایرانی وزیر خارجہ 29 جنوری کو اسلام آباد پہنچیں گے

پاک ،ایران تعلقات معمول پر آنے لگے ۔ دونوں ملکوں میں تعینات سفیر رواں ہفتے ہی اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالیں گے۔ایرانی وزیر خارجہ انتیس جنوری کو اسلام آباد پہنچیں گے ۔

 دفترخارجہ اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ پاک ،ایران وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ۔ گفتگو کے دوران اتفاق کیا گیا ہے کہ اسلام آباد اور تہران میں تعینات دونوں ملکوں کے سفیر 26 جنوری سے دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے ۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان 29 جنوری کو اسلام آبادپہنچیں گے ۔

 ایرانی سیکیورٹی فورسز نے 16 اور17جنوری کی درمیانی شب پنجگور میں میزائل داغے تھے ۔اس کے  نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔  واقعہ کے بعد  پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کو واپس بلا تے ہوئے ایرانی سفیر کو واپس آنے سے روک دیاگیاتھا۔   پاکستان نے 18 جنوری کو علی الصبح بھرپور جواب  دیاتھا۔ پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان بلوچستان میں کالعدم بی ایل اے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔  حملے میں  متعدد مطلوب دہشتگرد مارے گئے تھے ۔ کشیدگی صورتحال کے بعد ایران کی جانب سے تعلقات کی بحالی کی پیش کش کی گئی تھی جس کا پاکستان نے مثبت جواب دیا ہے۔

Comments are closed.