اعلی عسکری قیادت کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، علاقائی صورتحال پر بریفنگ

راولپنڈی: پاکستان کی اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے انٹرسروسز انٹیلی جنس کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پر انہیں لائن آف کنٹرول، مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بریفنگ دی گئی۔

مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان موجود تھے۔

ڈی جی آئی ایس آئی لفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کا استقبال کیا۔ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیف کو علاقائی سلامتی ، لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق عسکری قیادت کو جامع بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کے مطابق اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے قومی سلامتی کے لئے آئی ایس آئی کی انتھک کوششوں کی تعریف کی جب کہ انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Comments are closed.