اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم حاضری پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کردیا، سابق صدر آصف زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی نیب کو ارسال کر دئیے گئے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر تین کے جج سید اصغرعلی نے سابق وزیر ا عظم نواز شریف کی عدم پیشی پر انہیں اشتہاری قرار دینے کے لیے اشتہار جاری کردیا۔ عدالتی فیصلے کی روشنی میں نیب نے تعمیل کرتے ہوئے نواز شریف کی طلبی کا اشتہار عوامی مقامات پر چسپاں کردیا۔
اشتہار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے مفرور ہیں۔ انہیں توشہ خانہ ریفرنس میں پیش ہو کر جواب دینے کے لیے 17 اگست تک آخری موقع دیاجاتاہے۔
دوسری جانب توشہ خانہ ریفرنس میں عدالتی احکامات کے باوجود پیش نہ ہونے پرآصف علی زرداری کے 50 ہزارمچلکوں کے ساتھ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ وارنٹ میں کہا گیاہے کہ اگر آصف زرداری ایک ضامن کے ساتھ پیش نہیں ہوتے تو انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔
Comments are closed.