پشاور میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکا،لڑکی قتل، بغیرکفن و جنازے کے دفنائے جانے کا انکشاف

پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالخلافہ میں قتل کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر سنگدل چچا کی آشیرباد سے نوجوان بھتیجا اور رشتے دار لڑکی کو غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کر دیا گیا، دونوں کی لاشیں کفن اور جنازے کے بغیر دفنا دی گئیں۔

پشاور میں تھانہ یکہ توت کے علاقے دیرکالونی میں غیرت کے نام پر6 روزقبل 21 سالہ نوجوان وقاص اور16 سالہ لڑکی کوقتل کیا گیا، جس کے بعد دونوں کی لاشوں کو بغیر جنازہ اور کفن کے دفنا دیا گیا۔  پشاور پولیس نے رات کی تاریکی میں نوجوان لڑکے اور لڑکی کو قتل کرنے والے تین ملزمان صالح محمد، نورالدین اور شہاب الدین  کو گرفتارکرلیا ہے۔

گرفتارملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران دو جولائی کو نوجوان طالبعلم وقاص اور لڑکی کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بغیر تجہیز و تکفین کے الگ الگ مقامات پر خاموشی کے ساتھ دفن کرنے کا انکشاف کیا۔

پولیس نے دونوں قبروں کی شناخت کرکے قبروں کی حفاظت اور ملزمان کی جانب سے لاشوں کوکسی نامعلوم جگہ منتقل کرنے کے خدشے کے پیش نظر پولیس گارڈ تعینات کردیا ہے جب کہ پولیس نے قبرکشائی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے جس کے بعد مقتولین کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق مقتولین وقاص اور مسماۃ (س)  قریبی رشتہ دارتھے دونوں کی آپس میں دوستی تھی تاہم غیرت کے نام پر لڑکی کے چچا ہشام نے فائرنگ کر کے دونوں گھر کے اندر قتل کیا، ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس نے کیس میں لڑکی کے والد سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے تاہم مرکزی ملزم تا حال فرار ہے جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ نوجوان وقاص  کے والد بیرون ملک مقیم ہیں جن کو بیٹے کو قتل کرنے کرنے بارے میں معلومات نہیں دی گئیں۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق لرزہ خیز واقعہ سے قبل لڑکی کے گھر والوں نے وقاص کے چچا سے رابطہ کیا، جس پر انہوں نے بتایا کہ جو فیصلہ آپ کرتے ہیں ہمیں قبول ہے جس پرلڑکا اور لڑکی دونوں کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق کیس میں وقاص کے چچا کو بھی گرفتارکر کے شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔

Comments are closed.