عمران خان معیشت، جمہوریت اور پاکستانیوں کی زندگی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ملک کی کرپٹ ترین حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معیشت، جمہوریت اور پاکستانیوں کی زندگی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زردری نے وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے کشمیریوں کو لاوارث چھوڑ دیا۔ ‘سلیکٹڈ’ یا ‘الیکٹڈ’، ہم سب کشمیر کاز پر اکٹھے ہوتے تھے لیکن یہ پہلے اور آخری وزیراعظم ہیں جو قوم کو کشمیر کاز پر متحد نہیں رکھ سکے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی الیکشن مہم میں حمایت کی تھی۔ وہ مسئلہ کشمیر پر اتحاد قائم کرنے میں ناکام رہے۔ تحریک انصاف نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے، عمران خان کا وزیراعظم رہنا نہ صرف ہمارے جمہوریت، معیشت بلکہ پاکستانیوں کی زندگی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

بلاول بھٹو نے میڈیا اور نیب پر جانبداری کا الزام عائد کیا کہ پنجاب بھر میں کرپشن ہو رہی ہے لیکن میڈیا اسے رپورٹ نہیں کرتا۔ بلین ٹری سونامی، مالم جبہ پولیو، حج معاملات اور فارن فنڈنگ کیس میں بھی کرپشن ہوئی لیکن نیب خاموش ہے۔ جہانگیر ترین بھی بھاگ گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے پی آئی اے جہاز بیرون ملک نہیں جا سکتا۔ شوگر اور آٹے کی کرپشن پر ‘سلیکٹڈ’ کو بھی جواب دینا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر احتساب کا نظام موجود ہے تو سب کے لیے ایک جیسا ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب وفاقی کرپشن کو سہولت دے رہی ہے جبکہ سندھ کا وزیراعلیٰ ہر ہفتے اسلام آباد میں پیشی بھگتا ہے۔ یہ دوہرا نظام ہے۔ بی آر ٹی پر حکم امتناع کیوں ہے؟ اگر ملک میں ایک قانون ہے تو بی آرٹی پر حکم امتناع ختم کیا جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ بننے کو تیار نہیں ہیں لیکن حکومت نے این ایف سی ایوارڈ پر حملہ کرکے صوبوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی تو ہم احتجاجاً سڑکوں پر نکلیں گے جس کے لیے  ورکنگ ریلیشن شپ پر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر کمیٹی بنا رہے ہیں۔

Comments are closed.